کراچی: اینگرو ہولڈنگز لمیٹڈ (سابقہ داؤد ہرکولیس کارپوریشن لمیٹڈ) نے 31دسمبر 2025کو ختم ہونے والے سال کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ 2025 میں اینگرو ہولڈنگز کو 107.031 بلین روپے کابعد ازٹیکس مجموعی منافع حاصل ہوا۔ جبکہ شیئرہولڈرز سے منسوب بعد از ٹیکس منافع 55.633بلین روپے رہا۔ کمپنی کی فی شیئر آمدنی 2024کے26.78روپے کے مقابلہ میں 46.20روپے رہی۔ کمپنی کے منافع میں یہ اضافہ بنیادی طورپر تھر مل انرجی اثاثوں کی واپسی کے باعث ہوا ہے جو 2023اور 2024کے دوران "فروخت کیلئے مختص "قرارد یے گئے تھے۔ تھر مل انرجی کے اثاثوں کے اس غیر معمولی اثر کو ہٹا کر شیئر ہولڈرز سے منسوب بعد از ٹیکس مجموعی منافع 29.059بلین روپے رہا۔ انفرادی بنیادوں پر کمپنی کوگزشتہ سال کے 9.854بلین روپے کے مقابلہ میں 253ملین روپے کا بعد ازٹیکس منافع حاصل ہوا ہے جبکہ کمپنی کی فی شیئرآمدنی گزشتہ سال کے 20.48روپے کے مقابلہ میں 0.21روپے رہی۔
انفرادی بنیادوں پر منافع میں کمی کی بنیادی وجہ اسکیم آف ارینجمنٹ کے تحت یکم جنوری 2025کو آمدنی والی سرمایہ کاریوں کو ڈی ایچ پارٹنرز کو منتقلی اور اینگروکارپوریشن کی جانب سے ٹاورز ٹرانزیکشن کی فنڈنگ کیلئے منافع برقرار رکھنے کے باعث موصول ہونے والے ڈیونڈ میں کمی ہے۔

اس مدّت کے دوران اینگروکے مالیاتی نتائج میں 3کلیدی عوامل کے اکاؤنٹنگ اثرات ہیں جن میں اینگرو ہولڈنگز کی تخلیق، تھرمل انرجی اثاثوں سے متعلق معاہدوں (SPAs)کی منسوخی اور دیودار ٹاورز کاحصول (consolidation) شامل ہیں۔
اینگرو ہولڈنگزنے اپنے شیئر ہولڈرز کو بتایاہے کہ مالیاتی نتائج میں کمپنی کی فی شیئر آمدنی اور بعد از ٹیکس میں نمایاں تبدیلیاں کمپنی کی کاروباری کارکردگی میں کسی تبدیلی کے بجائے کاروباری اسٹرکچر میں ہونے والی ساختی تبدیلیوں اور یک وقتی اکاؤنٹنگ ایڈجسٹمنٹس کا نتیجہ ہے۔
کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 2025کیلئے حتمی ڈیونڈجاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بورڈ نے یہ فیصلہ سرمایہ کے موئثر استعمال اور طویل المدّتی ویلیومیں اضافے کی حکمتِ عملی کے تحت کیا ہے کیونکہ کمپنی کی اوّلین ترجیح اب بھی ٹاورز ٹرانزیکشن کی باقی مالی ضروریات کو پورا کرناہے۔
ٹاورز کا حصول اینگرو کی تاریخ کی سب سے اہم سرمایہ کاری ہے اور کمپنی کو امید ہے کہ یہ سرمایہ کاری مستقبل میں مستحکم اور دیرپا کیش فلو فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس لیے اس سرمایہ کاری کیلئے منافع کوبرقرار رکھنا شیئر ہولڈرز کے طویل المدّتی مفاد میں بہترین قدم ہے۔
