اسلام آباد : پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد عماد خان کو چیف مارکیٹنگ آفیسر (سی ایم او) مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عماد خان کو ٹیلی کمیونی کیشن، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے شعبوں میں دو دہائیوں سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ وہ اپنے پیشہ ورانہ سفر کے دوران پاکستان، آسٹریلیا اور مشرقِ وسطیٰ میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ کمرشل حکمتِ عملی، پروڈکٹ مینجمنٹ، آمدن میں اضافے، صارفین کے تجربے میں بہتری اور بڑے پیمانے پر ٹیکنالوجی میں جدت انگیزی کے شعبوں میں مہارت رکھتے ہیں ۔
عماد خان نے پی ٹی سی ایل میں وائر لائن پورٹ فولیو کے مختلف شعبوں میں اعلیٰ سطح پر ذمہ داریاں انجام دی ہیں، جن میں فائبر، وائس، ٹی وی، او ٹی ٹی اور آئی او ٹی شامل ہیں۔ انہوں نے پی ٹی سی ایل کی فائبر حکمتِ عملی کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا، جس سے کمپنی کو پاکستان کے سرکردہ فائبر آپریٹر کی اپنی حیثیت مستحکم کرنے میں مدد ملی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے آمدن میں اضافے، صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے اقدامات کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔.
پی ٹی سی ایل میں شمولیت سے قبل عماد خان نے آسٹریلوی کمپنی آپٹس (Optus) میں اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے فائبر اور فائیو جی فکسڈ وائرلیس ایکسس (5G Fixed Wireless Access) کی حکمتِ عملی کی تیاری میں حصہ لیا اور پروڈکٹ و ٹیکنالوجی ٹرانسفارمیشن سے متعلق اقدامات کی قیادت کی۔ ان کے پیشہ ورانہ سفر کے ابتدائی مراحل میں وارد ٹیلی کام، ہواوے، انٹرنیشنل ٹرن کی سسٹمز اور سعودی بزنس مشینز میں خدمات شامل ہیں، جہاں انہیں ٹیلی کمیونی کیشن آپریشنز، پروڈکٹ میں جدت اور ٹیکنالوجی کی بنیاد پر کاروباری تبدیلی کے وسیع تجربات حاصل ہوئے۔
چیف مارکیٹنگ آفیسر کی حیثیت سے عماد خان پی ٹی سی ایل کی مارکیٹنگ اور صارفین کی تعداد میں اضافے کی حکمتِ عملی کی قیادت کریں گے۔ ان کی ذمہ داریوں میں برانڈ حکمتِ عملی، مصنوعات کی مارکیٹ پوزیشننگ، صارفین کے تجربے میں بہتری، ڈیجیٹل رابطہ کاری اور مصنوعات و خدمات کو مارکیٹ میں متعارف کرانے کے اقدامات شامل ہوں گے۔ ان کی توجہ پی ٹی سی ایل کی مارکیٹ میں پوزیشن مزید مستحکم کرنے، صارفین کی ترجیح حاصل کرنے اور کنیکٹیویٹی و ڈیجیٹل سروسز کے پورٹ فولیو میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے پر مرکوز ہوگی۔
عماد خان نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) سے ماسٹرز اِن بزنس ایڈمنسٹریشن (ایم بی اے) کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے، جہاں وہ ڈینز آنرز لسٹ میں بھی شامل رہے۔ قبل ازیں، انہوں نے فاسٹ نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز (FAST-NUCES) سے کمپیوٹر سائنس میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی تھی۔
ان کی تقرری ایسے وقت میں عمل میں آئی ہے جب پی ٹی سی ایل ایک مربوط ٹیکنالوجی اور انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کمپنی کے طور پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ کمپنی تیز رفتار کنیکٹیویٹی کی سہولیات کو وسعت دینے اور صارفین کی بدلتی ضروریات کے مطابق جدید ڈیجیٹل سروسز متعارف کرانے پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
.png)

1 comment
[…] […]