کمپنی کی مجموعی آمدنی میں فکسڈ براڈبینڈ، انٹرپرائز، ہول سیل خدمات اور موبائل خدمات میں مضبوط کارکردگی کی بدولت سالانہ 12 فیصد اضافہ ہوا۔
اسلام آباد – ملک کی صفِ اول کی ٹیلی کام و آئی سی ٹی کمپنی ،پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے 31 دسمبر 2025 کو ختم ہونے والے سال کے مجموعی سالانہ مالی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ٹی سی ایل نے سال بہ سال آمدنی میں مضبوط اضافہ ریکارڈ کیا اور پاکستان میں مربوط ٹیلی کام اور آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والی اہم ترین کمپنی کے طور پر اپنی حیثیت مستحکم کی۔
اہم نکات
کمپنی کی مجموعی آمدنی میں فکسڈ براڈبینڈ، انٹرپرائز، ہول سیل خدمات اور موبائل خدمات میں مضبوط کارکردگی کی بدولت سالانہ 12 فیصد اضافہ ہوا۔
مجموعی آپریٹنگ منافع میں سالانہ بنیادوں پر 216 فیصد بڑھا ، جو کمپنی کی مضبوط آپریشنل کارکردگی کا مظہر ہے۔ البتہ سال کے دوران 9.7 ارب کا خالص نقصان ریکارڈ کیا گیا، جس کی بنیادی وجہ یو بینک میں احتیاطی ضوابط میں ترامیم کے بعد متوقع کریڈٹ نقصان (ای سی ایل) کی تیز رفتار پیش بندی تھی۔

پی ٹی سی ایل کی آمدنی میں سال بہ سال 12فیصد اضافہ ہوا، جس کی بنیادی وجہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں فلیش فائبر میں 50فیصد نمو اور بزنس سلوشنز میں 16فیصد نمو رہی۔
کیریئر اور ہول سیل کاروبار نے 28 فیصد اضافے کے ساتھ اپنی ترقی کی رفتار برقرار رکھی۔ بین الاقوامی شعبے میں بھی سال بہ سال آمدنی میں 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پی ٹی سی ایل کا آپریٹنگ منافع سال بہ سال 49 فیصد اضافے کے ساتھ 18.2 ارب روپے رہا، کمپنی نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے تحت 6.9 ارب روپے کی اضافی پنشن ذمہ داری کے یکمشت اندراج کے باوجود 1.4 ارب روپے کا خالص منافع حاصل کیا۔
یوفون کی آمدن میں سالانہ 14 فیصد بڑھوتری ہوئی ، جس کی وجہ ریٹیل اور کارپوریٹ کے شعبوں میں تیزی تھی۔
یوفون کا سال بہ سال آپریٹنگ منافع 283 فیصد اضافے کے ساتھ 17.6 ارب روپے رہا، جبکہ کے کمپنی کے کل نقصان میں 89 فیصد کی قابل ذکر کمی ہوئی۔
سال 2025 کے دوران پی ٹی سی ایل نے تمام ضروری ریگولیٹری منظوریوں کے بعد ٹیلی نار پاکستان کے حصول کا اہم سنگ میل عبور کیا۔معاہدہ 31 دسمبر 2025 کو باضابطہ طور پر مکمل کر لیا گیا۔ البتہ ٹیلی نار پاکستان کے مجموعی نتائج کا اعلان یکم جنوری 2026 سے کیا جائے گا۔ ٹیلی نار پاکستان اور اورین ٹاورز اب مکمل طور پر پی ٹی سی ایل کی ذیلی کمپنیوں کے طور پر کام کر رہے ہیں، اور یہ پاکستان کی ٹیلی کام صنعت کے اہم ترین انضمامات میں سے ایک ہے۔ پی ٹی سی ایل اس کے بعد ریگولیٹری منظوریوں سے مشروط، ٹیلی نار پاکستان اور یوفون کے مجوزہ انضمام کی جانب پیش رفت کر رہا ہے، جس کا مقصد ملک گیر نیٹ ورک کوریج، مسابقت اور رابطہ کاری و ڈیجیٹل خدمات میں طویل مدتی ترجیحات کو مستحکم کرنا ہے۔
پی ٹی سی ایل فلیش فائبر نے سال بہ سال 50فیصد نمو اورصارفین کی تعداد میں 33 فیصد بڑھوتری کے ساتھ سب سے زیادہ سبسکرائبر مارکیٹ شیئر برقرار رکھ کر پاکستان بھر میں فائبر براڈبینڈ مارکیٹ میں اپنی قائدانہ حیثیت مستحکم کی ۔ کمپنی کی جانب سے’تیز رفتار‘ کے نام سے ایک زبردست آفر نے سستے اور تیز رفتار انٹرنیٹ تک رسائی بڑھائی ، صارفین کے تجربے کو بہتر بنایا اور وسیع بنیادسوں پر ڈیجیٹل سہولیات اپنانے میں معاونت کی۔
ڈیجیٹل خدمات بشمول یوپیسہ نے مالی سال 2025 میں مضبوط کارکردگی دکھائی، جس کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ لین دین میں سال بہ سال 57فیصد اضافہ ہوا اور جو ماہانہ 13.2 ملین کی ریکارڈ بلند ترین سطح تک پہنچ گئی، جبکہ تھروپٹ 33فیصد بڑھ کر اپنی بلند ترین ماہانہ سطح 21.9 ارب روپے تک پہنچ گیا۔’UPTCL ایپ‘ (سیلف کیئر ایپ) کو صارفین نے بھرپور طریقے سے اپنایا، جس کے ماہانہ فعال صارفین 57لاکھ سے تجاوز کر گئے۔ یوفون کے ڈیجیٹل ذیلی برانڈ ’اونک‘(ONIC) کے صارفین کی تعداد 4لاکھ 6ہزار ہوگئی، اور صارفین کی سہولت پر مبنی ایک مکمل طور پر ڈیجیٹل آپریٹنگ ماڈل کی حیثیت سے سال بہ سال 169فیصد نمو حاصل کی۔
سال 2025 کے دوران پی ٹی سی ایل اور یوفون نے ملک بھر میں موبلٹی، کنیکٹیویٹی اور ڈیجیٹل خدمات کو وسعت دے کر اپنے انٹرپرائز اثر و رسوخ کو مضبوط بنایا۔ یوفون نے جی ایس ایم پر مبنی کارپوریٹ آفرز کو بہتر بنایا اور اپنے ڈیوائس-ایز-اے-سروس پلیٹ فارم کو وسعت دی تاکہ فیلڈ آپریشنز، آئی او ٹی، فِن ٹیک اور ایم ٹو ایم استعمال میں معاونت کی جا سکے، اور حکومت، ٹریکر، اور فن ٹیک سمیت نئے شعبوں میں اہم معاہدے کیے۔ پی ٹی سی ایل اسمارٹ کلاؤڈ نے ڈیجیٹل بینکس، فن ٹیکس، انٹرپرائزز اور حکومتی اداروں خدمات فراہم کر کے مضبوط نمو ریکارڈ کی، جس کی وجہ خود مختار کلاؤڈ، منیجڈ سکیورٹی اور ڈیزاسٹر ریکوری سلوشنز کی طلب میں مسلسل اضافہ ہوا۔ کمپنی نے اے آئی کے لیے تیار، اعلیٰ کارکردگی کے حامل ڈیٹا سینٹر انفراسٹرکچر کو بہتری اور وسعت دی ، جبکہ ہول سیل شعبے نے موبائل آپریٹرز اور سیٹلائٹ فراہم کنندگان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داریوں کے ذریعے آئی پی بینڈوڈتھ اور منیجڈ کیپیسٹی میں نمو حاصل کی۔
بین الاقوامی سطح پر پی ٹی سی ایل نے متنوع سب میرین کیبل نیٹ ورک اور مضبوط قومی فائبر انفراسٹرکچر کے ذریعے اپنے کیریئر ہول سیل لیڈرشپ کو مزید مستحکم کیا، جو عالمی ڈیٹا طلب میں اضافے کو سہارا دیتا ہے۔ انٹرپرائز شعبے میں پی ٹی سی ایل نے بینکنگ، تعلیم، ہوا بازی، صحت، گورنمنٹ، مالیاتی اداروں اور سرکاری تنظیموں پر مشتمل بڑے آئی سی ٹی اور ٹیلی کام منصوبے حاصل کیے، جبکہ سروس کوالٹی اور صارفین کے تجربے کو بھی بہتر بنایا۔ کمپنی نے بلا تعطل کنکٹویٹی اور جدید رہائش کے امتزاج سے پاکستان کی پہلی فائیو جی سہولت کے لیے تیار اسمارٹ رہائشی منصوبہ کی فراہمی میں معاونت کی ، جبکہ پہلی بار جدت کے فروغ کیلئے واٹس ایپ کے ذریعے مکمل بل ادائیگی اور ماہانہ پی ڈی ایف بلنگ کا نظام متعار ف کرایا، جس سے ڈیجیٹل سہولت اور رسائی مزید مضبوط ہوئی۔
کمپنی نے آئی فون 17 سیریز کو یوفون اور پی ٹی سی ایل فلیش فائبر آفرز کے ساتھ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں متعارف کرانے کیلئے پاکستان میں ایپل کے مجاز ڈسٹری بیوٹر مرکینٹائل(Mercantile) کے ساتھ شراکت داری کی ، جس میں سرکاری ڈیوائسز، توسیعی وارنٹی، انشورنس کوریج اور مربوط ٹیلی کام فوائد فراہم کیے گئے۔
پی ٹی سی ایل کی سال کے دوران کارکردگی کو ڈریگنز آف پاکستان 2025 ایوارڈز اور ڈریگنز آف ایشیا 2025 ایوارڈز میں سراہا گیا، جہاں کمپنی کو’دل سے‘ پلیٹ فارم کے تحت صاف پانی تک رسائی کی مہم پر گولڈ ڈریگن ایوارڈ ملا، ساتھ ہی تخلیقی عمدہ اور مؤثر مہمات کے لیے بھی اعزازات حاصل ہوئے، جنہوں نے نہ صرف سامعین کو متاثر کیا بلکہ مختلف سماجی گروہوں میں بامعنی سماجی اثرات کی مؤثر کہانیاں بھی سامنے لائیں۔
سماجی خدمات:
’دل سے‘ پلیٹ فارم کے تحت پی ٹی سی ایل نے سماجی شمولیت، جدت انگیزی اور صلہ رحمی کے فروغ کیلئے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کے منصوبوں ’ٹیک فار انکلوژن‘، ’ٹیک فار سوشل انوویشن‘، اور ایکٹ آف کائنڈنس کے ذریعے اپنے سماجی خدمات کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا، جو اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ ہیں اور ڈیجیٹل شمولیت، استحکام اور بنیادی خدمات تک رسائی پر مرکوز ہیں۔
بااختیار پروگرام نے ایک اہم سنگِ میل سال مکمل کیا جس کے تحت 79 خواتین نے ڈیجیٹل اور کاروباری تربیت مکمل کر کے آزاد کاروبار شروع کیے۔ اس اقدام نے پاکستان کے اولین مصنوعی ذہانت پر مبنی فیشن شو، پشاور زلمی پی ایس ایل کٹ اشتراک، بی بی سی اردو اور پشتو پر میڈیا کوریج، اور 23 شہروں تک توسیع کے ذریعے قومی سطح پر نمایاں شناخت حاصل کی۔ سماجی خدمت کے منصوبوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو ترجیح دی گئی۔
پی ٹی سی ایل اور یوفون نے کنیکٹ ہیئر کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے شمولیتی ٹیکنالوجی کو فروغ دیا، جس کے تحت سماعت سے محروم افراد کی بھلائی کے لیے دنیا کا اولین مصنوعی ذہانت پر مبنی اشاروں کی زبان میں ابتدائی انتباہی نظام متعارف کرایا گیا، جسے جی ایس ایم اے انوویشن فنڈ کی معاونت حاصل رہی اور اسے دبئی میں جائیٹیکس گلوبل 2025 سمیت عالمی فورمز پر پیش کیا گیا۔
یونیسف کی پولیو آگاہی مہمات کی معاونت، سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں مفت کنیکٹیویٹی کی فراہمی، اور ہنگامی حالات میں مواصلاتی رسائی کو برقرار رکھنے کی کوششوں کے ذریعے عوامی صحت اور تحفظ کے لیے اقدامات کیے گئے ۔ سماجی بھلائی کے اقدامات کے تحت پی ٹی سی ایل نے تھر اور عمرکوٹ جیسے دور دراز علاقوں میں صاف پانی تک رسائی بڑھائی ، جس پر ڈریگنز آف پاکستان اور ڈریگنز آف ایشیا دونوں ایوارڈز میں گولڈ ایوارڈ حاصل ہوا۔ پی پی اے ایف کے ساتھ ایک نئی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے جس کے تحت جنوبی پنجاب اور تھر میں پانی کی فراہمی کے اقدامات کو مزید وسعت دی جائے گی ، جس سے دولاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔
یہ تمام اقدامات طویل مدتی کاروباری نمو کے ساتھ قابلِ پیمائش سماجی اثرات کی فراہمی پر پی ٹی سی ایل کی مسلسل توجہ کی عکاسی کرتے ہیں۔
