اسلام آباد، ٹیلی نار پاکستان جولائی 2026 سے باضابطہ طور پر پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (پی ٹی ایم ایل) (یوفون 5G) میں ضم کر دیا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی ملک کی ٹیلی کمیونی کیشن کی تاریخ کا ایک اہم ترین انضمامی معاہدہ مکمل ہوگیا ہے۔ یہ انضمام اسلام آباد ہائی کورٹ سے آخری قانونی منظوری موصول ہونے کے بعد عمل میں آیا، جبکہ اس عمل میں متعدد ریگولیٹری اور قانونی اداروں نے مرحلہ وار حصہ لیا۔ اس کے بعد ٹیلی نار پاکستان کا ایک علیحدہ قانونی ادارے کی حیثیت سے پاکستان سے وجود ختم ہو گیا ہے۔
اس پیش رفت کے بعد ٹیلی نار پاکستان کے آپریشنز، نیٹ ورک انفراسٹرکچر اور صارفین مکمل طور پر پی ٹی ایم ایل (یوفون 5G) میں ضم ہو جائیں گے۔اس کے نتیجے میں ایک مشترکہ ادارہ وجود میں آئے گا جس کی رسائی مزید وسیع، اسپیکٹرم پورٹ فولیو مزید مضبوط اور ملک بھر میں جدید ترین کنیکٹیویٹی اور ڈیجیٹل خدمات میں سرمایہ کاری کی صلاحیت مزید بہتر ہوگی۔
ایمریٹس نے 2026 بزنس ٹریولر مڈل ایسٹ ایوارڈز میں دنیا کی بہترین ایئرلائن کا اعزاز اپنے نام کر لیا
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل کے صدر و سی ای او، حاتم بامطرف نے کہا، ’’یہ ہماری کمپنی اور پاکستان کی ٹیلی کام انڈسٹری کے لیے ایک فیصلہ کن لمحہ ہے۔ ہم حکومتِ پاکستان اور اس عمل میں شامل تمام اداروں کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس عمل میں تندہی سے حصہ لیا اور ہماری بھرپور معاونت کی۔ میں اپنے صارفین کا بھی دلی شکریہ ادا کرتا ہوں، جن کے اعتماد نے یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کو اس تبدیلی سے گزرنے میں مدد فراہم کی۔ اسی طرح میں اپنی ٹیم کا بھی شکرگزار ہوں، جن کی لگن اور محنت نے اس اہم سنگِ میل کو ممکن بنایا۔ اب جبکہ ہم ایک کمپنی کی حیثیت سے یکجا ہو رہے ہیں، ہم اپنے صارفین کو ایسی جدید ترین مصنوعات اور خدمات فراہم کریں گے، جو پاکستان میں ڈیجیٹل تجربے کے حوالے سے ایک نیا معیار قائم کر سکیں۔‘‘
دونوں اداروں کے انضمام سے وجود میں آنے والا ادارہ، پی ٹی سی ایل کا مکمل ملکیتی مگر خودمختار ادارہ ہوگا، جو پی ٹی ایم ایل کے نام سے کام جاری رکھے گا ۔ نیا ادارہ 5G کوریج میں توسیع، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے اور ملک بھر میں لاکھوں صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی کے موجود ہ عزم کے طابع خدمات انجام دے گا۔ یوفون 5G نے انضمام کے عمل کے دوران یوفون 5G اور ٹیلی نار پاکستان دونوں کے صارفین کو خدمات کے تسلسل کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ انہیں مزید بہتر کنیکٹیویٹی اور اعلیٰ معیاری ڈیجیٹل تجربہ بھی فراہم کیا جائے گا۔
