اسلام آباد، جاز، جو جاز ورلڈ کے تحت پاکستان کی صفِ اوّل ٹیلی کام کمپنی ہے اس نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کی جانب سے نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز (NGMS)/5G لائسنس کے اجراء کے بعد باضابطہ طور پر 5G سروسز کا آغاز کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی پاکستان میں تیز رفتار اور جدید کنیکٹیویٹی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں جاز نے ملک بھر میں تقریباً 180 سائٹس پر 5G سروس فعال کر دی ہے، جن میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت تمام صوبائی دارالحکومت لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ شامل ہیں، جبکہ راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد جیسے بڑے شہری مراکز بھی اس جدید نیٹ ورک سے منسلک ہو چکے ہیں۔ اس اسٹریٹجک رول آؤٹ کے ذریعے جاز نے پاکستان کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو نئی رفتار اور سمت دے دی ہے۔
اسی کے ساتھ کمپنی اپنے ملک گیر 4G نیٹ ورک کی توسیع اور بہتری کا عمل بھی جاری رکھے ہوئے ہے، جس کے نتیجے میں صارفین کو بہتر رفتار اور معیاری سروس میسر آ رہی ہےجس کے فوائد صارفین پہلے ہی محسوس کرنا شروع ہو چکے ہیں۔
جاز ورلڈ کے سی ای او عامر ابراہیم کا کہنا ہے کہ “ہم حکومتِ پاکستان کے شکر گزار ہیں کہ وہ ایک جدید اور مستقبل پر مبنی ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ آج پاکستان میں 5G دور کا آغاز ہو رہا ہے—جو جدت، رفتار اور مواقع کے ایک نئے باب کا دروازہ کھولے گا۔ اس تبدیلی کی قیادت کرتے ہوئے ہم اپنے 4G نیٹ ورک کی توسیع اور رفتار و صارف تجربے میں نمایاں بہتری کے لیے بھی پُرعزم ہیں، تاکہ ڈیجیٹل مستقبل ہر پاکستانی کے لیے یکساں طور پر قابلِ رسائی ہو۔”
پاکستان میں حالیہ اسپیکٹرم نیلامی میں جاز وہ واحد آپریٹر بن کر سامنے آیا ہے جس نے تمام نئے بینڈز—700 میگا ہرٹز، 2300 میگا ہرٹز، 2600 میگا ہرٹز اور 3500 میگا ہرٹز اسپیکٹرم حاصل کیا ہے، جس کے باعث وہ موبائل نیٹ ورک کی ہر اہم سطح پر موجودگی رکھنے والا واحد آپریٹر بن گیا ہے۔
