کراچی ؛ یونی لیور پاکستان لمیٹڈ نے سماعت سے محروم افراد کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے فیملی ایجوکیشنل سروسز فاؤنڈیشنل (FESF) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس شراکت داری کے تحت ایک منظم پروگرام کے ذریعے ملازمت، تربیت اور کام کی جگہ پر انضمام کو فروغ دیا جائے گا تاکہ ڈیف کمیونٹی کے افراد کو قومی افرادی قوت کا مؤثر حصہ بنایا جا سکے۔
معاہدے کے مطابق FESF اپنے ڈیف ریچ نیٹ ورک کے ذریعے یونی لیور پاکستان کو مختلف شعبوں خصوصاً سیلز اور فیلڈ آپریشنز میں سماعت سے محروم امیدواروں کی بھرتی میں معاونت فراہم کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد ایک زیادہ جامع اور مساوی ملازمت کا نظام تشکیل دینا ہے، جہاں ملازمین اور اداروں دونوں کو مؤثر رابطے کے لیے ضروری مہارتیں فراہم کی جائیں۔
بھرتی کے عمل کو قابل رسائی بنانے کے لیے FESF انٹرویوز کے دوران پاکستان سائن لینگویج (PSL) کی تشریحی سہولت فراہم کرے گا اور امیدواروں اور یونی لیور کی ٹیموں کے درمیان رابطہ کاری کو یقینی بنائے گا۔ مزید برآں یونی لیور کے عملے اور سپروائزرز کے لیے کم از کم دو باقاعدہ PSL تربیتی سیشنز منعقد کیے جائیں گے تاکہ وہ سماعت سے محروم ملازمین کے ساتھ بنیادی سطح پر مؤثر رابطہ قائم کر سکیں۔
اس شراکت داری کا ایک اہم پہلو ورک پلیس سینسٹائزیشن بھی ہے۔ FESF یونی لیور کے ملازمین کے لیے سماعت سے محروم افراد کی آگاہی اور حساسیت سے متعلق سیشنز منعقد کرے گا، جن میں ڈیف کلچر، رابطے کے طریقہ کار اور لاشعوری تعصب کے خاتمے پر توجہ دی جائے گی۔ یہ اقدام یونی لیور کے وسیع تر ایکویٹی، ڈائیورسٹی اور انکلوژن (ED&I) ایجنڈے سے ہم آہنگ ہے۔
اس موقع پر یونی لیور پاکستان کے کنٹری ہیڈ کسٹمر ڈیولپمنٹ منیر حسن نے کہا کہ اس شراکت داری کی بنیاد ایک سادہ تصور پر ہے کہ مواقع ہر فرد کے لیے یکساں طور پر دستیاب ہونے چاہئیں۔ ان کے مطابق FESF کے ساتھ مل کر نہ صرف ڈیف کمیونٹی کے لیے نئے دروازے کھولے جا رہے ہیں بلکہ کام کے ماحول اور سیلز ایکوسسٹم کو بھی اس انداز میں تشکیل دیا جا رہا ہے کہ ہر فرد اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکے۔
پروگرام کے تحت منتخب امیدواروں کے لیے ملازمت سے قبل ٹریننگ بھی فراہم کی جائے گی، جس میں ورک پلیس تیاری، رابطے کے اصول اور کردار سے متعلق مہارتیں جیسے سیلز روٹس کی آگاہی اور بنیادی رپورٹنگ شامل ہوں گی۔
ایف ای ایس ایف کے بانی و ڈائریکٹر رچرڈ گیری نے کہا کہ اس اشتراک کے ذریعے سماعت سے محروم افراد کے لیے باعزت روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا جبکہ اداروں کو بھی اپنی پالیسیوں کو مزید جامع اور قابل رسائی بنانے میں مدد ملے گی۔
یونی لیور پاکستان اپنی افرادی قوت میں تنوع اور شمولیت کے فروغ کے عزم کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔ کمپنی کی جاری کوششیں اس وسیع مقصد کی عکاسی کرتی ہیں کہ ایک ایسا معاون اور قابل رسائی ماحول تشکیل دیا جائے جہاں ہر پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد آگے بڑھ سکیں اور کامیابی حاصل کر سکیں۔
