بونی میں پیراگلائیڈنگ کے دوران حادثہ، آصف محمود کی لاش برآمد
چترال: معروف پیراگلائیڈر اور غوطہ خور آصف محمود چترال کے علاقے بونی میں پیراگلائیڈنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ اہل خانہ نے ان کی موت کی تصدیق کردی ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق آصف محمود جمعرات کو بونی کے پہاڑی علاقے میں پیراگلائیڈنگ کر رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے۔ حادثے کی جگہ دشوار گزار پہاڑی علاقے میں ہونے اور موسم کی خراب صورتحال کے باعث امدادی کارروائیوں اور تلاش میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مہم جوئی کی دنیا سوگوار، آصف محمود چترال میں پیراگلائیڈنگ حادثے کا شکار
خبر
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں اور مقامی حکام نے آصف محمود کی تلاش کے لیے آپریشن جاری رکھا۔ کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد جمعہ کے روز ان کی لاش برآمد کرلی گئی، جس کے بعد سرچ آپریشن ختم کردیا گیا۔
آصف محمود ایڈونچر اسپورٹس، خصوصاً پیراگلائیڈنگ اور غوطہ خوری کے حوالے سے معروف تھے۔ ان کی وفات پر اہل خانہ، دوستوں اور ایڈونچر اسپورٹس سے وابستہ افراد نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق آصف محمود کا تعلق خانپور کے علاقے سورج گلی سے تھا۔
